بنگلورویکم؍اپریل(ایس او نیوز) 12؍مئی کو ہونے والے ریاستی انتخابات ملک بھر کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ انتخابی کمیشن کی جانب سے ریاستی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی گلیاروں میں پارٹیوں کی سرگرمیاں سرچڑھ کر بول رہی ہیں۔ پارٹی اعلیٰ کمان کی جانب سے ابھی مکمل طورپر امیدواروں کا اعلان نہیں ہوپایاہے۔ اور بہت جلد امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کی خبریں بھی ہیں۔ اس درمیان ووٹران کو لبھانے اور انہیں اپنی جانب راغب کرنے کے لئے امیدوار اور ان کے طرفدار ٹیڑھے اوربدعنوان راستہ پر چل پڑے ہیں۔ رائے دہند گان میں تحفہ تقسیم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر تحائف خرید کر ذخیرہ کئے گئے ہیں۔ شہر کے راجاراجیشوری نگر اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی منی رتنانے ووٹران کو لبھانے اور ان میں تحفہ کے طورپر تقسیم کرنے کے لئے ہزاروں پیجن کمپنی کے پریشر ککر،ساڑیاں،نان اٹک توا،واٹر کیانس کو انتخابی افسران نے ضبط کرلیا۔ ایک اور معاملہ وجئے پور میں پیش آیا۔غیرقانونی طریقے سے کارمیں لے جارہی 2.91لاکھ کی رقم کو انتخابی کمیشن کی فلائنگ اسکواڈ نے ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ راجاراجیشوری نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی منی رتنا اپنے حلقہ کے ووٹران میں تحفہ جات تقسیم کرنے کی اطلاع ملنے کے بعدانتخابی افسران کی فلائنگ اسکواڈ نے آج لگ گیرے کے لکشمی دیوا نگر کے دو مقامات پر بیک وقت چھاپے مارکر مکان میں رکھے پیجن کمپنی ککر، ساڑیاں اور نان اسٹک توا ضبط کرلئے ہیں۔ ان ککرس اور ساڑیوں پر رکن اسمبلی منی رتناکی تصویر چسپاں کی گئی تھی۔ فلائنگ اسکواڈ نے راجاراجیشوری نگر اسمبلی حلقہ سے منی رتناکے 92ککرس،99ساڑیوں کے 4بنڈل ضبط کرلئے ہیں۔ اس چھاپے کے دوران ڈپٹی کمشنر آف پولیس چیتن سنگھ راٹھور نے بھی پہنچ کر معائنہ کیا۔ جن چیزوں کو ضبط کیا گیا ہے ان کا حساب و کتاب کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں انتخابی افسروں نے معاملہ درج کرلیا ہے ۔ وجئے پورہ شہر کے گول گنبد پولیس تھانہ کی حدود میں ایک کار میں غیر قانونی طریقے سے لے جارہے 2.91 لاکھ روپیوں کو فلائنگ اسکواڈ نے ضبط کرلیا ہے اس معاملہ میں امیت چوہان کو گرفتار کرکے مذکورہ رقم کس کی تھی ، کس مقصد کے لئے جارہی تھی اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ شہر کے مہادیوپورہ کے ایک گودام پر کل رات چھاپہ مار کر ووٹروں میں تقسیم کئے جانے والے500سلائی مشینوں کو فلائنگ اسکواڈ نے ضبط کرلیاہے۔ بنگلور ایسٹ تعلقہ کے انتخابی افسر کی قیادت میں انتخابی افسران کی ٹیم نے چیمسندرا کے ایک پروگرام پر چھاپہ مارکر مذکورہ سلائی مشینوں کو ضبط کرلیاہے۔ مذکورہ مشین کس پارٹی نے منگوائی تھی اس کی بھی جانچ ہورہی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرکے انتخابی مہم چلارہے ہریور کے رکن اسمبلی سدھاکر کے خلاف معاملہ درج کیاگیاہے۔اس درمیان ریاستی انتخابی افسر سنجے کمار کے مطابق ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد اس پر سختی سے عمل کیاجارہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ریاست بھر میں1156فلائنگ اسکواڈ اور 1255اسٹاٹک سرویلینس ٹیمیں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔ مذکورہ ٹیمیں ریاست بھر میں 12.537دیواروں پر لکھے گئے مختلف پارٹیوں کے تشہیری نعروں کو مٹاکر ان پر سفیدی پھیردی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پر لگائے گئے 17.693 پوسٹرس اور7711 بیانرس کو ہٹادےئے ہیں۔ اس سلسلہ میں6 معاملات بھی درج کئے جاچکے ہیں۔ انتخابی افسر کے مطابق گزشتہ 24؍گھنٹوں کے دوران ایک سرکاری گاڑی کا غلط استعمال کرنے پر ایک معاملہ درج کیاہے۔ اجازت کے بغیر انتخابی اجلاس منعقد کرنے کے دو اور ووٹران کو رجحانے کے 9معاملات درج کئے گئے ہیں۔ فلائنگ اسکواڈ نے اب تک ایک کروڑ12لاکھ 90ہزار ، 19.90 لیٹر شراب،8ریشمی ساڑیاں،2 کلو 464گرام سونے کے زیورات، ان تمام کی جملہ مالیات49.17لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید 1921 لیٹر شراب، ضبط کی جاچکی ہے اور111معاملات درج کئے گئے ہیں اب تک محکمہ آبکاری نے جملہ246معاملات درج کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک لائسنس شدہ 8633 ہتھیار حاصل کرلئے گئے ہیں جبکہ ایک شخص کا لائسنس منسوخ کردیا گیاہے۔